You are here

باب ۱- حمد باری تعالیٰ

تجھے تو اب اے     ما وَرائے   تصور

تصور میں لانے کو جی چاہتا ہے

                                                   (عارفیؒ )

حق تعالیٰ کی حمد وثناء کامقصد یہ ہونا چاہیے کہ حق تعالیٰ کی محبت عقلی بڑھ جائے۔ حمد وثناء ، ذکر اللہ اور اتباع سنت سے جو محبت بڑھتی ہے وہ محبت عقلی ہے۔ اور اللہ تعالیٰ کی محبت عقلی کا شدید بلکہ اشد ہونا ہی شرعاًمطلوب ہے ۔ حق تعالیٰ نے ہم سے اسی محبت عقلی کا مطالبہ کیا ہے اور اس کے حاصل کرنے کو فرض عین کر دیا ہے۔ اس کے بر خلاف محبت طبعی غیر اختیاری ہے ۔ محبت طبعی میں دل میں ایک کیفیت جذب و کشش کی پیدا ہو جا تی ہے ۔ محبت کی یہ قسم مطلوب نہیں۔عقلی محبت کے ساتھ یہ بھی عطاء ہو جائے تونعمت ہے، محمود ہے مقصود نہیں۔ محبت عقلی کے ساتھ محبت طبعی بھی کچھ نہ کچھ ضرور ہوتی ہے گو محسوس نہ ہو۔ محبت عقلی جس کا بڑھانا مطلوب و مقصود ہے اس کا جذبات سے تعلق نہیں بلکہ عقل و فہم سے ہے کہ عقل اس بات کو قبول کر لے کہ بہر حال حق تعالیٰ کا حکم ہی قابل ترجیح ہے۔ چاہے اپنے نفس کا تقاضہ ہو یا رشتہ دار، متعلقین، دوست احباب کا خیال ہو یا اپنی عزت و وقعت بڑھانے کا داعیہ ہو بہر صورت ایسے سب تقاضوں کے مقابلہ میں اللہ تعالیٰ کے حکم کو معلوم کرکے اس کو ترجیح دی جائے۔ یہ محبت عقلی جب مطلوبہ درجہ میں حاصل ہو جاتی ہے تو حسب ذیل دو علامات سے ظاہر ہوتی ہے :

۱۔بندہ ہر کام میں اتباع سنت کو تمام مصلحتوں پر اور تقاضائے نفس پر ترجیح دینے لگتا ہے ۔

۲۔وہ حق تعالیٰ کے حکم کو بجا لانے میں لوگوں کی ملامت کی پرو اہ نہیں کرتا۔

حق تعالیٰ کی حمد حق تعالیٰ کی محبت عقلی کے بڑھانے میں مفید و مددگار ہو جائے تو بڑی نعمت ہے ۔ اسی لئے اہل اللہ کے دل سے نکلے ہوئے اشعار حمد جو کلام پاک اور احادیث کے مطابق ہوں ان کو پڑھا اور سنا جاتا ہے۔چونکہ حق تعالیٰ ماورائے تصور ہیں یعنی ہر اُس تصور سے پاک ہیں جو بندہ کے ذہن میں آئے۔اس لئے کلام پاک میں حق تعالیٰ نے اپنی معرفت کرانے کے لئے خود ہی اپنی صفات قدسیہ بیان کی ہیں۔ بعض ایسی آیات یہاں نقل کی جاتی ہیں ۔

۱) اِنَّ اللّٰهَ فَالِقُ الۡحَبِّ وَالنَّوَىٰ‌ۖ يُخۡرِجُ ٱلۡحَىَّ مِنَ الۡمَيِّتِ وَمُخۡرِجُ الۡمَيِّتِ مِنَ الۡحَىِّ‌ ذَٲلِكُمُ اللَّهُ‌ۖ فَاَنَّىٰ تُؤۡفَكُونَ﴿۹۵﴾ فَالِقُ الۡاِصۡبَاحِ وَجَعَلَ الَّيۡلَ سَكَنً۬ا وَالشَّمۡسَ وَالۡقَمَرَ حُسۡبَانً۬ا‌ۚ ذَٲلِكَ تَقۡدِيرُ الۡعَزِيزِ الۡعَلِيمِ﴿۹۶﴾ وَهُوَ الَّذِى جَعَلَ لَكُمُ النُّجُومَ لِتَہۡتَدُوا بِھَا فِى ظُلُمَـٰتِ الۡبَرِّ وَالۡبَحۡرِ‌  ۗ قَدْ فَصَّلْنَا الْآيَاتِ لِقَوْمٍ يَعْلَمُونَ ﴿۹۷﴾ وَهُوَ الَّذِىٓ اَنشَاَكُم مِّن نَّفۡسٍ وَاحِدَةٍفَمُسۡتَقَرٌّ وَمُسۡتَوۡدَعٌ۬‌ قَدۡ فَصَّلۡنَا الۡاَيٰتِ لِقَوۡمٍ يَفۡقَهُونَ ﴿۹۸﴾وَهُوَ الَّذِىٓ اَنزَلَ مِنَ السَّمَآءِ مَآءً فَاَخۡرَجۡنَا بِهِ نَبَاتَ كُلِّ شَىۡءٍ فَاَخۡرَجۡنَا مِنۡهُ خَضِرً۬ا نُّخۡرِجُ مِنۡهُ حَبًّا مُّتَرَاڪِبً۬اوَمِنَ النَّخۡلِ مِن طَلۡعِهَا قِنۡوَانٌ دَانِيَةٌوَجَنّٰتٍ مِّنۡ اَعۡنَابٍ وَّالزَّيۡتُونَ وَالرُّمَّانَ مُشۡتَبِهً۬ا وَّغَيۡرَ مُتَشَابِهٍ‌  ۗ انظُرُوا إِلَىٰ ثَمَرِهِ إِذَا أَثْمَرَ وَيَنْعِهِ ۚ إِنَّ فِي ذَٰلِكُمْ لَآيَاتٍ لِّقَوْمٍ يُؤْمِنُونَ ﴿۹۹﴾ (سورة الانعام)

 

 إِنَّ اللَّـهَ فَالِقُ الْحَبِّ وَالنَّوَىٰ ۖ يُخْرِجُ الْحَيَّ مِنَ الْمَيِّتِ وَمُخْرِجُ الْمَيِّتِ مِنَ الْحَيِّ ۚ ذَٰلِكُمُ اللَّـهُ ۖ فَأَنَّىٰ تُؤْفَكُونَ ﴿٩٥﴾ فَالِقُ الْإِصْبَاحِ وَجَعَلَ اللَّيْلَ سَكَنًا وَالشَّمْسَ وَالْقَمَرَ حُسْبَانًا ۚ ذَٰلِكَ تَقْدِيرُ الْعَزِيزِ الْعَلِيمِ ﴿٩٦﴾ وَهُوَ الَّذِي جَعَلَ لَكُمُ النُّجُومَ لِتَهْتَدُوا بِهَا فِي ظُلُمَاتِ الْبَرِّ وَالْبَحْرِ ۗ قَدْ فَصَّلْنَا الْآيَاتِ لِقَوْمٍ يَعْلَمُونَ ﴿٩٧﴾ وَهُوَ الَّذِي أَنشَأَكُم مِّن نَّفْسٍ وَاحِدَةٍ فَمُسْتَقَرٌّ وَمُسْتَوْدَعٌ ۗ قَدْ فَصَّلْنَا الْآيَاتِ لِقَوْمٍ يَفْقَهُونَ ﴿٩٨﴾ وَهُوَ الَّذِي أَنزَلَ مِنَ السَّمَاءِ مَاءً فَأَخْرَجْنَا بِهِ نَبَاتَ كُلِّ شَيْءٍ فَأَخْرَجْنَا مِنْهُ خَضِرًا نُّخْرِجُ مِنْهُ حَبًّا مُّتَرَاكِبًا وَمِنَ النَّخْلِ مِن طَلْعِهَا قِنْوَانٌ دَانِيَةٌ وَجَنَّاتٍ مِّنْ أَعْنَابٍ وَالزَّيْتُونَ وَالرُّمَّانَ مُشْتَبِهًا وَغَيْرَ مُتَشَابِهٍ ۗانظُرُوا إِلَىٰ ثَمَرِهِ إِذَا أَثْمَرَ وَيَنْعِهِ ۚ إِنَّ فِي ذَٰلِكُمْ لَآيَاتٍ لِّقَوْمٍ يُؤْمِنُونَ

 

بیشک الله تعالیٰ پھاڑنے والا ہے دانہ کو اور گٹھلیوں کو۔وہ جاندار کو بےجان سے نکال لاتا ہے اور وہ بے جان کو جاندار سے نکالنے والا ہے یہ الله ہی ہے (جس کی ایسی قدرت ہے)سو تم کہاں اُلٹے چلے جارہے ہو۔(الله تعالیٰ) صبح کا نکالنے والا ہے اور اس نے رات کو راحت کی چیز بنائی ہے اور سورج اور چاند (کی رفتار) کو حساب سے رکھا ہے۔یہ ٹھیرائی ہوئی بات ہے ایسی ذات کی جوکہ قادر ہے بڑے علم والا ہے۔اور وہ (الله)ایسا ہےجس نے تمھارے (فائدہ کے) لیے ستاروں کو پیدا کیا تاکہ تم ان کے ذریعہ سے اندھیروں میں خشکی میں بھی اور دریا میں بھی رستہ معلوم کرسکو۔اور وہ (الله) ایسا ہے جس نے تم (سب) کو(اصل میں) ایک شخص سے پیدا کیا پھر ایک جگہ زیادہ رہنے کی ہے اور ایک جگہ چندے رہنے کی۔بیشک ہم نے یہ دلائل (بھی توحید و انعام کے) خوب کھول کھول کر بیان کردئیے ان لوگوں کے لیے جو سمجھ بوجھ رکھتے ہیں۔وہ )الله ( ایسا ہے جس نے آسمان (کی طرف) سے پانی برسایا۔پھر ہم نے اس کے ذریعہ سے ہر قسم کی نباتات کو نکالاپھر ہم نے اس سے سبز شاخ نکالی کہ اس سے ہم اوپر تلے دانے چڑھے ہوئے نکالتے ہیں۔اور کھجور کے درختوں سے یعنی ان کے گپھے میں سے خوشے ہیں جو (مارے بوجھ کے)نیچے کو لٹکے جاتے ہیں اور (اسی پانی سے ہم نے) انگوروں کے باغ اور زیتون اور انار (کے درخت پیدا کیے)جوکہ ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہوئے ہیں اور ایک دوسرے سے ملتے جُلتے نہیں ہوتے (ذرا) ہر ایک کے پھل کو تو دیکھو جب وہ پھلتا ہے اور (پھر) اسکے پکنے کو دیکھو ۔ ان میں نشانیاں ہیں ان لوگوں کے لئے جو ایمان والے ہیں۔

۲) اللَّـهُ الَّذِي جَعَلَ لَكُمُ الْأَرْضَ قَرَارًا وَالسَّمَاءَ بِنَاءً وَصَوَّرَكُمْ فَأَحْسَنَ صُوَرَكُمْ وَرَزَقَكُم مِّنَ الطَّيِّبَاتِ ۚ ذَٰلِكُمُ اللَّـهُ رَبُّكُمْ ۖ فَتَبَارَكَ اللَّـهُ رَبُّ الْعَالَمِينَ ﴿٦٤﴾ ( سورة المؤمن)

اﷲ ہی ہے جس نے زمین کو (مخلوق کا) قرارگاہ بنایا اور آسمان کو (مثل) چھت (کے) بنایا اور تمہارا نقشہ بنایا سو عمدہ نقشہ بنایا اور تم کو عمدہ عمدہ چیزیں کھانے کو دیں۔ (پس) یہ اﷲ ہے جو تمہارا رب ہے۔ سو بڑا عالیشان ہے اﷲ جو سارے جہان کا پروردگار ہے۔

۳)أَمَّن يُجِيبُ الْمُضْطَرَّ إِذَا دَعَاهُ وَيَكْشِفُ السُّوءَ وَيَجْعَلُكُمْ خُلَفَاءَ الْأَرْضِ ۗ أَإِلَـٰهٌ مَّعَ اللَّـهِ ۚ قَلِيلًا مَّا تَذَكَّرُونَ﴿٦٢﴾(سورة النمل) 

یا وہ ذات جو بیقرار آدمی کی سنتا ہے جب وہ اس کو پکارتا ہے اور (اس کی ) مصیبت کو دور کردیتا ہے اور تم کو زمین میں صاحب تصرّف بناتا ہے (یہ سن کر اب بتلاؤ کہ) کیا اﷲ کے ساتھ کوئی اور معبود ہے (مگر ) تم لوگ بہت ہی کم یاد رکھتے ہو۔